ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جمہوریت کی حفاظت کیلئے متحدہ جدوجہد ضروری:ممتابنرجی

جمہوریت کی حفاظت کیلئے متحدہ جدوجہد ضروری:ممتابنرجی

Sun, 16 Aug 2020 10:51:29    S.O. News Service

کولکتہ،16؍اگست (ایس او نیوز؍یواین آئی) 74ویں یو م آزادی کے موقع پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک جن بنیادوں پر تعمیر کیا گیا ہے اس کی حفاظت کیلئے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے -کورونا وائرس کے سایہ میں مغربی بنگال میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا-ممتا بنرجی کی قیادت میں کلکتہ کے ریڈ روڈ پر پرچم کشائی کی گئی مگر اس مرتبہ پروگرام کو بہت ہی مختصر کیا گیا تھا-عام لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں تھی-نصف گھنٹے میں ہی پوری تقریب کو ختم کردیا گیا-اس موقع پر چند افسروں اور سینئر وزرا موجود تھے -

اس موقع پر ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ میرے تمام بھائی اور بہنو، یوم آزادی کی مبارک باد اور ہم ان عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ہے -ہمیں آزادی کافی جدوجہد کے بعد حاصل ہوئی ہے اس لئے جن اصولوں اور بنیادوں پر ملک کی تعمیر کی گئی ہے اس کی بہر صورت ہمیں حفاظت کرنی چاہیے -اس موقع پر ممتا بنرجی نے کورونا کے خلاف جد وجہد کررہے ان25فرنٹ لائن ورکروں کو اعزاز سے نوازا جو کورونا سے متاثر ہوئے اور اس کے بعد صحت یاب ہوکر ڈیوٹی میں شمولیت اختیار کی-اس تقریب کے موقع پر ممتا بنرجی کی کمپوز موسیقی کورونا ایک دن چلا جائے گا-کورونا کو ہم ایک دن ہرادیں گے-بیگ گراؤنڈ میں بج رہا تھا-اس موقع پر ماسک پہن کر محفوظ ڈرائیو اور محفوظ زندگی کا نعرہ لکھا ہوا تھا-اس موقع پر ریاستی حکومت نے5لاکھ افراد کے درمیان ماسک تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے -اس سے قبل ممتا بنرجی نے شہریوں سے اپیل کی کہ یوم آزادی کے موقع پر تقریب منعقد کرتے وقت حکومت کی رہنماہدایات کی پاسداری ضرور کریں -

گورنر جگدیپ دھنکرنے بارک پور میں واقع مہاتما گاندھی گھاٹ جاکر پرچم کشائی کی- انہوں نے کہا کہ جمہوری روایات و اقدار کی پاسداری بہر صورت کی جانی چاہیے -پرتشدد سیاست سے کنارہ کشی اختیارکرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے -مغربی بنگال میں مختلف مقامات پر یوم آزادی کی تقریبات بہت ہی سادہ انداز میں منائی گئیں -گزشتہ سالوں میں یہاں بڑے پیمانے پرعطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے مگر اس مرتبہ بھیڑ بھاڑ والی تقریبات سے گریز کیا گیا ہے -بنگال میں یومیہ3ہزار کورونا وائرس کے کیس آنے لگے ہیں -


Share: